پتور 13/دسمبر (ایس او نیوز)گیس سے بھرا ہوا ٹینکر سڑک پر الٹ جانے سے تھوڑی دیر کے لئے بڑی تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ مگرفائر بریگیڈ اور بی پی سی ایل کی ٹیم کی بروقت مداخلت سے کوئی ٹریجڈی ہونہیں پائی۔
بتایا گیا ہے کہ منگلورو سے بنگلورو کی طرف جانے والے گیس ٹینکر پر ڈرائیور قابو رکھ نہیں پایااور وہ سڑک کے کنارے الٹ کرگر گیا۔اس کے ساتھ ذراسی مقدار میں ٹینکر سے گیس خارج ہونے لگی۔مگر فائر بریگیڈ اور بی پی سی ایل کے ماہرین نے موقع پر پہنچتے ہی چند منٹوں کے اندر گیس کے اخراج کو کامیابی سے روک دیا۔ احتیاطی اقدام کے طور پراس علاقے سے موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت کو دوسرے راستے پر موڑ دیا گیا اس کے ساتھ ہی بجلی کی سپلائی بھی منقطع کردی گئی۔لوگوں کو چوکنا کرنے کے علاوہ جائے حادثہ کے قریب موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگادی گئی۔پتور کے اے ایس پی اور دیگر پولیس افسران نے حالات کو قابو میں رکھا ہے۔